روس کے مشرقی علاقے میں چین کی سرحد کے قریب ایک مسافر بردار طیارہ خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا، انٹونوف اے این24 ماڈل کا یہ طیارہ انگارا ایئرلائنز کے زیر انتظام بلاگوویشچنسک سے ٹنڈا کے لیے پرواز پر تھا کہ اچانک ہچکولے کھاتے ہوئے زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں اس میں بھڑکنے والی آگ نے سب کچھ خاکستر کر دیا۔
عالمی ذرائع کے مطابق طیارہ دوسری بار لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا جب یہ ریڈار سے اوجھل ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس سے قبل کسی تکنیکی خرابی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ خراب موسم اور کم دکھائی دینے کی وجہ سے طیارے نے بلندی کا غلط اندازہ لگایا، جس کے باعث وہ ممکنہ طور پر درختوں سے ٹکرا کر گرا۔
روس کی ایمرجنسی وزارت کے مطابق طیارے کا ملبہ ٹنڈا شہر سے 15 کلومیٹر جنوب میں ایک دشوار گزار پہاڑی جنگلاتی علاقے میں پایا گیا۔ سخت موسم اور ناہموار زمین نے امدادی ٹیموں کے لیے فوری رسائی کو ناممکن بنا دیا۔
اس المناک حادثے میں طیارے میں سوار 42 مسافروں اور عملے کے 6 ارکان میں سے کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔ ہلاک ہونے والوں میں 5 بچوں کے علاوہ ایک چینی باشندہ بھی شامل تھا۔
علاقے کے گورنر نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثنا، روسی ایوی ایشن حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوری تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واضح رہے کہ مغربی پابندیوں کے باعث روسی ایوی ایشن انڈسٹری پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








