ایسا دلخراش واقعہ کیسے پیش آیا؟ سعودی حکام نے گرین ماؤنٹین پارک حادثے کی تحقیقات شروع کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

سعودی عرب کے خوبصورت شہر طائف میں واقع گرین ماؤنٹین پارک، جو اپنی دلفریب فضا اور تفریحی سہولیات کے لیے مشہور ہے ایک خوفناک حادثے کی زد میں آگیا۔ گزشتہ روز پارک کے مشہور 360 ڈگری جھولے کے اچانک ٹوٹنے سے کم از کم 23 افراد زخمی ہوگئے جس میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

41 سیکنڈز کی ایک لرزہ خیز ویڈیو نے اس المناک واقعے کی شدت کو عیاں کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں افراد اس بلند و بالا جھولے پر لطف اندوز ہو رہے تھے جو ایک مضبوط کھمبے پر نصب تھا چند لمحوں تک سب کچھ خوشگوار تھا لیکن اچانک ایک دھماکہ خیز آواز نے فضا کو چیر دیا۔ جھولے کا مرکزی کھمبا درمیان سے دو ٹکڑوں میں بٹ گیا، اور اس پر سوار افراد تیزی سے زمین کی طرف گر پڑے۔

زمین سے ٹکرانے کے بعد جھولے کے ملبے سے ایک زور دار دھماکہ بلند ہوا جس نے پارک میں موجود ہر شخص کے دل میں خوف بھر دیا۔ ویڈیو میں چیخوں اور بھگدڑ کے دل ہلا دینے والے مناظر واضح ہیں جہاں لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔ اس سانحے نے تفریح کے اس مقام کو ایک پل میں ماتم کدے میں تبدیل کر دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سعودی ریڈ کریسنٹ، سول ڈیفنس، اور سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پارک کو خالی کرایا گیا اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق، تین افراد شدید زخمی ہیں، جبکہ دیگر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

اس حادثے نے نہ صرف گرین ماؤنٹین پارک کی حفاظتی سہولیات پر سوالات اٹھائے ہیں بلکہ عوام میں تفریحی مقامات پر سیفٹی معیارات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے تاکہ اس سانحے کے اسباب کا پتہ لگایا جا سکے اور مستقبل میں ایسی ہولناک صورتحال سے بچا جا سکے۔

Related Posts