نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز میں ردوبدل کرکے انہیں بلیک میل اور ہراساں کرنے والے ملزم کو دھر لیا۔
گرفتار ملزم اسد شیراز پر الزام ہے کہ اس نے ناپاک عزائم کے ساتھ شکایت کنندہ اور ان کی بہن کی تصاویر و ویڈیوز کو جعلی طور پر ایڈٹ کیا اور انہیں ٹک ٹاک، واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلایا۔ ملزم نے متاثرہ خاتون اور ان کے اہلِ خانہ کو مسلسل ہراسانی اور بلیک میلنگ کا نشانہ بنایا۔
این سی سی آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد کے سیکٹر جی-10 میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
ترجمان این سی سی آئی اے نے مزید کہا کہ ایجنسی خواتین کے تحفظ اور سائبر دھمکیوں کے خاتمے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








