پاکستان نے اپنا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ کر دیا ہے جس پر چین کے سفارت خانے نے مبارک باد پیش کی ہے۔ یہ سیٹلائٹ چین کے اہم خلائی مرکز شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا کی وسعتوں میں قدم رکھنے میں کامیاب ہوا۔
چینی سفارت خانے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ کامیابی پاکستان کے لیے ایک عظیم سنگ میل ہے۔ ہم اپنے آہنی بھائی پاکستان کو اس شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہ سیٹلائٹ پاکستان کی زمینی وسائل کے سروے قدرتی آفات سے بچاؤ اور ان کے اثرات کو کم کرنے کی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
یہ سیٹلائٹ پاکستان کے اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے زیر اہتمام کام کرے گا۔ اس کا بنیادی مقصد زراعت، شہری منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے کی نگرانی اور قدرتی آفات جیسے سیلاب، زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیشگی اطلاعات فراہم کرنا ہے، تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
چین کے سفارت خانے نے بتایا کہ یہ پاکستان کا دوسرا ریموٹ سیٹلائٹ ہے۔ اس سے قبل جولائی 2018 میں پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ PRSS-1 چین کے جیوکوان لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا تھا۔ یہ کامیابی پاکستان اور چین کے درمیان گہرے خلائی تعاون کی ایک اور روشن مثال ہے، جو دونوں ممالک کے “آہنی بھائی چارے” کی عکاسی کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کی سائنسی ترقی کو تقویت بخشے گا بلکہ خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، زرعی پیداوار بڑھانے اور قدرتی وسائل کے بہتر استعمال میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ کامیابی پاک-چین دوستی کی ایک نئی جہت کو اجاگر کرتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








