سانحہ 9 مئی: سرگودھا کی عدالت کا بڑا فیصلہ، ایک ملزم کو عمر قید، 51 پی ٹی آئی رہنما اشتہاری قرار

تازہ ترین

تازہ ترین

Sargodha ATC delivers verdict in May 9 case involving PTI leaders
FILE PHOTO

سرگودھا کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے میانوالی جوڈیشل کمپلیکس پر حملے سے متعلق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف 9 مئی کے پُرتشدد مظاہروں کے کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کے گرفتار کارکن محمد اسماعیل کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما احمد خان، بلال اعجاز اور محمد احمد چٹھہ سمیت 51 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔

یہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 349 کے تحت تھانہ سٹی میانوالی میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کا تعلق 9 مئی کو پارٹی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے پُرتشدد مظاہروں سے ہے، جس میں ریاستی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔

عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ تمام مفرور ملزمان کو ایک ماہ کے اندر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔یاد رہے کہ اسی مقدمے میں پہلے ہی پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب کو بھی اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔

گزشتہ روز 31 جولائی کو فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی سانحہ 9 مئی سے متعلق دو مقدمات میں فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب، زرتاج گل، شبلی فراز، شیخ رشید شفیق اور صاحبزادہ حمید رضا سمیت دیگر کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

یہ مقدمات تھانہ غلام محمد آباد اور تھانہ سول لائنز میں درج کیے گئے تھے جن کی ایف آئی آرز 1277 اور 832 نمبر پر موجود ہیں۔ عدالت نے مجموعی طور پر 108 افراد کو سزا سنائی جبکہ 77 افراد کو بری کر دیا گیا تھا۔

مقدمے میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کسترو کو الزامات سے بری قرار دیا گیا جبکہ رکن پنجاب اسمبلی جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا دی گئی ۔

Related Posts