دوبارہ زندہ ہونے والی عورت نے مرنے کے بعد کیا دیکھا؟ سنسنی خیز انکشافات

تازہ ترین

تازہ ترین

مرنے کے بعد پھر زندہ ہونے والی وکٹوریا تھامس
مرنے کے بعد پھر زندہ ہونے والی وکٹوریا تھامس، فوٹو آج

ایک 35 سالہ صحت مند برطانیہ خاتون جم میں ورزش کے دوران اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑیں اور دل بند ہو جانے کے بعد 17 منٹ تک مردہ حالت میں رہیں، مگر پھر دوبارہ زندہ ہوگئیں۔

یہ واقعہ فروری 2021 میں پیش آیا، جب وکٹوریا تھامس اپنے جِم میں بوٹ کیمپ کلاس کے دوران اچانک کمزوری اور چکر محسوس ہوئے اور کچھ ہی لمحوں بعد وہ زمین پر گر گئیں۔

گرنے کے بعد آج نیوز کے مطابق فوری طور پر ایمبولینس بلائی گئی اور طبی عملے نے CPR کا آغاز کیا۔ وکٹوریا کا دل 17 منٹ تک بند رہا، مگر آخر کار ان کی نبض دوبارہ چلنے لگی۔

مرنے کے بعد کیا دیکھا؟

وکٹوریہ نے بتایا کہ سب کچھ سیاہ ہو گیا، کچھ نہیں تھا یعنی نہ کوئی روشنی، نہ آواز، نہ کوئی روحانی منظر۔ یہ اس نظریے سے مختلف ہے جس میں لوگ روشنی کی سرنگ، فرشتے یا سکون کا احساس بیان کرتے ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ انہوں نے خود کو جِم کے فرش پر پڑے دیکھا، گویا وہ چھت کے قریب تیر رہی تھیں اور نیچے اپنا بے جان جسم دیکھ رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لگا کہ ان کی ٹانگیں موٹی لگ رہی ہیں اور بعد میں تصویریں دیکھ کر پتا چلا کہ وہ واقعی سوجی ہوئی تھیں۔ اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مشاہدہ صرف تصوراتی نہیں بلکہ حقیقت کے قریب تھا۔

کچھ مہینوں بعد، وکٹوریا کو دل کی دھڑکن بحال رکھنے کے لیے پیس میکر لگا دیا گیا۔ اسی دوران انہیں علم ہوا کہ وہ حاملہ ہیں۔ مگر حمل کے دوران ان کے دل کی حالت مزید بگڑ گئی۔ 24 ہفتے کی حاملہ ہونے پر ڈاکٹروں نے سی سیکشن کا کہا، لیکن وکٹوریا نے وقت مانگا۔ آخرکار 30 ہفتے پر ان کی حالت بگڑنے پر ہنگامی سی سیکشن کے ذریعے بیٹے ’ٹومی‘ کی پیدائش ہوئی۔

جلد ہی وکٹوریا کو ایک نایاب بیماری ڈینن ڈیزیز کی تشخیص ہوئی، یہ ایک جینیاتی مرض ہے جو دل، عضلات اور دماغ کو متاثر کرتا ہے۔ یہ بیماری دنیا بھر میں ایک ملین سے بھی کم افراد میں پائی جاتی ہے۔

بیٹے کی پیدائش کے چند ماہ بعد وکٹوریا کی سانسیں چڑھنے لگیں۔ اپریل 2022 میں جب معائنہ ہوا، تو پتا چلا کہ ان کے دل کی کارکردگی صرف 11 فیصد رہ گئی ہے۔ ڈاکٹروں نے صاف کہا کہ زندگی کے صرف چند ماہ باقی ہیں اور فوری ہارٹ ٹرانسپلانٹ درکار ہے۔

دو مرتبہ دل ملنے کے باوجود وہ ناکام رہے، جس سے امیدیں ٹوٹنے لگیں۔ مگر اپریل 2023 میں آخرکار ایک مناسب دل مل گیا، اور برمنگھم کے کوئن الزبتھ ہسپتال میں کامیاب سرجری کے بعد وکٹوریا کی زندگی کو نئی راہ ملی۔

 نئی زندگی اور کامیابی

وکٹوریا نہ صرف صحت یاب ہو گئیں، بلکہ اب نیٹ بال، والی بال اور باسکٹ بال کھیلتی ہیں۔ وہ برطانوی ٹرانسپلانٹ گیمز کا حصہ بن چکی ہیں اور اگلے مہینے جرمنی میں ہونے والے ورلڈ ٹرانسپلانٹ گیمز میں برطانیہ کی نمائندگی کریں گی۔

انہوں نے کہا، ’مجھے لگا تھا کہ میں کھیل نہیں سکوں گی، لیکن اب میں ماں بھی ہوں اور کھلاڑی بھی۔ یہ زندگی کا دوسرا موقع ہے، سب سے قیمتی تحفہ جو مجھے مل سکتا تھا۔‘

Related Posts