کیا آج 2 اگست 2025 کو زمین مکمل اندھیرے میں ڈوب جائے گی؟ناسا کا اہم ترین بیان سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں نے 2 اگست 2025 کو مکمل سورج گرہن کے حوالے سے خوف و ہراس پھیلایا ہوا ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آج زمین چھ منٹ کے لیے مکمل اندھیرے میں ڈوب جائے گی تاہم ناسا نے واضح کیا ہے کہ 2 اگست 2025 کو کوئی سورج گرہن نہیں ہوگا۔ یہ افواہ دراصل 2 اگست 2027 کو ہونے والے مکمل سورج گرہن کے ساتھ الجھن کا نتیجہ ہے۔

ناسا کے مطابق 2025 میں 2 اگست کو کوئی سورج گرہن نہیں ہوگا بلکہ 21 ستمبر 2025 کو ایک جزوی سورج گرہن ہوگا، جو مشرقی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انٹارکٹیکا اور جنوبی بحرالکاہل کے کچھ حصوں میں نظر آئے گا۔

یہ گرہن پاکستان، بھارت، یورپ، افریقہ اور امریکہ میں نظر نہیں آئے گا کیونکہ یہ رات کے وقت ہوگا جوکہ پاکستان میں مقامی وقت کے مطابق 21 ستمبر کی رات ساڑھے 11 بجے سے 22 ستمبر کی صبح 3:24 بجے تک جاری رہے گا۔ چونکہ یہ گرہن پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔

دوسری جانب 2 اگست 2027 کو ایک مکمل سورج گرہن ہوگا جسے صدی کا گرہن کہا جا رہا ہے۔ یہ گرہن یورپ، شمالی افریقہ، اور مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک جیسے کہ الجزائر، مصر، سعودی عرب، اسپین، لیبیا، یمن اور دیگر میں نظر آئے گا۔

پاکستان میں میں یہ گرہن جزوی طور پر نظر آئے گا خاص طور پر مغربی اور جنوبی علاقوں میں جہاں سورج کا تقریباً ایک تہائی حصہ چاند سے ڈھک جائے گا۔ اس گرہن کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 6 منٹ اور 23 سیکنڈ تک ہوگا، جو 1991 سے 2114 تک زمین سے نظر آنے والے مکمل سورج گرہنوں میں سب سے طویل ہوگا۔

2 اگست 2025 کو کوئی سورج گرہن نہیں ہوگا اور اس حوالے سے پھیلنے والی افواہیں غلط ہیں۔ اگلا سورج گرہن 21 ستمبر 2025 کو ہوگا، جو بھارت میں نظر نہیں آئے گا۔ بھارت میں سورج گرہن کا اگلا موقع 2 اگست 2027 کو ملے گا، جو جزوی طور پر نظر آئے گا۔ شائقین فلکیات کو اس تاریخی واقعے کے لیے ابھی سے تیاری کر لینی چاہیے۔

سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے اور سورج کی روشنی کو جزوی یا مکمل طور پر روک دیتا ہے۔ یہ تین اقسام کے ہوتے ہیں۔

جزوی سورج گرہن: جب چاند سورج کے صرف ایک حصے کو ڈھانپتا ہے، جس سے سورج ہلال کی شکل میں نظر آتا ہے۔

مکمل سورج گرہن: جب چاند سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لیتا ہے، اور صرف سورج کا بیرونی حصہ (کورونا) نظر آتا ہے۔

حلقہ نما سورج گرہن: جب چاند سورج کے مرکز کو ڈھانپتا ہے لیکن اس کا سائز چھوٹا ہونے کی وجہ سے سورج کے کناروں پر روشنی کا حلقہ نظر آتا ہے، جسے “رنگ آف فائر” کہا جاتا ہے۔

سورج گرہن دیکھتے وقت براہ راست سورج کی طرف دیکھنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے سرٹیفائیڈ سولر ویوئنگ گلاسز یا پن ہول پروجیکٹر کا استعمال ضروری ہے۔ ننگی آنکھ سے گرہن دیکھنے سے آنکھوں کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔

Related Posts