پاکستانی اسکواش کے نوجوان کھلاڑی حمزہ خان نے اسپین میں جاری ویلینشیا اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں شاندار رسائی حاصل کر لی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 15 ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر کھیلا جا رہا ہے۔
سیمی فائنل میں حمزہ خان نے فرانسیسی حریف جوشوا فینیرا کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی۔ حمزہ نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کیا اور 49 منٹ جاری رہنے والے اس مقابلے میں 10-12، 11-6، 5-11، 11-3 اور 11-5 سے کامیابی اپنے نام کی۔
یہ فتح نہ صرف حمزہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی اسکواش کی نئی نسل کی عالمی سطح پر واپسی کا عندیہ بھی دیتی ہے۔
اب فائنل میں ان کا مقابلہ میزبان ملک اسپین کے ٹاپ سیڈ کھلاڑی آئیکر پائیریس سے ہوگا۔ حمزہ کی نظریں اب ٹائٹل پر مرکوز ہیں، اور شائقینِ اسکواش کو ایک زبردست معرکہ دیکھنے کی امید ہے۔
پاکستانی قوم کو اپنے اس باصلاحیت کھلاڑی پر فخر ہے جو ایک بار پھر اسکواش کے میدان میں سبز ہلالی پرچم کو سربلند کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








