جنگی تیاریوں میں اہم سنگ میل! جدید ترین اٹیک ہیلی کاپٹر پاک فوج کا حصہ بن گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

COAS oversees induction of Z-10ME attack helicopters
ONLINE

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں کور ہیڈکوارٹرز میں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشن کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے ملتان میں مختلف جامعات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ایک نشست میں شرکت کی، جس میں انہوں نے قومی یکجہتی، سول ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کے مشترکہ کردار پر زور دیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج میں جدید ترین زیڈ ٹین ایم ای اٹیک ہیلی کاپٹرز کی شمولیت کی تقریب کی صدارت بھی کی۔

یہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس، ہر موسم میں کام کرنے والا ہیلی کاپٹر دن اور رات میں درست نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

زیڈ ٹین ایم ای ہیلی کاپٹر جدید ریڈار سسٹم، الیکٹرانک وارفیئر آلات، اور دیگر جدید جنگی ٹیکنالوجی سے مزین ہے جو پاک فوج کو فضائی اور زمینی خطرات کے خلاف مؤثر دفاعی اور جارحانہ صلاحیتیں فراہم کرتا ہے۔

اس جدید ہتھیار کی شمولیت پاک فوج کی جنگی تیاریوں میں ایک اہم سنگ میل ہے اور آرمی ایوی ایشن کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی عملی مثال ہے۔

بعد ازاں مظفرگڑھ کے فیلڈ فائرنگ رینج میں آرمی چیف نے زیڈ ٹین ایم ای ہیلی کاپٹرز کی جانب سے فائر پاور کا شاندار مظاہرہ بھی دیکھا۔

اس مشق میں مشترکہ ہتھیاری حربوں کی کامیاب نمائندگی کی گئی، جس پر آرمی چیف نے جوانوں کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر سطح پر جدید جنگی مہارتوں کو اپنانے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

Related Posts