نئی دہلی: بھارتی ایئر لائن کی ایک پرواز میں اس وقت افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ پیش آیا جب ایک مسلمان مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر عملہ طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسے لے جا رہا تھا کہ اچانک ایک ہندو مسافر نے بلا جواز اسے تھپڑ مار دیا، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے جس پر شدید عوامی غصے اور ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ایئر لائن کی پرواز کے دوران پیش آیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئر ہوسٹس اور عملہ ایک بزرگ مسلمان مسافر کو طبی امداد کے لیے نشست سے اٹھا کر لے جا رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص نے بظاہر کسی اشتعال کے بغیر آگے بڑھ کر مریض کو زوردار تھپڑ مار دیا۔
واقعے کے فوراً بعد پرواز میں موجود دیگر مسافروں نے شدید ردعمل دیا مذکورہ حملہ آور کو گھیر کر اس کی حرکت پر سخت تنقید کی اور ایئر لائن انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ویڈیو کے منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر یہ معاملہ بحث کا مرکز بن گیا ہے۔ کئی معروف شخصیات، سماجی کارکنان اور انسانی حقوق کے اداروں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی تعصب اور نفرت کی ایک اور مثال قرار دیا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ بیمار مسافر کی حالت کے پیش نظر ہمدردی اور انسانیت کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے تھا، مگر یہاں مذہبی شناخت کی بنیاد پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جو نہ صرف شرمناک بلکہ قابلِ گرفت بھی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








