کراچی: ہفتے کے روز کراچی کا مطلع مکمل طور پر ابر آلود رہا جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) کے مطابق آج شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ سمندری ہوائیں دوبارہ بحال ہو چکی ہیں جو شہر میں خوشگوار موسم کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 27اعشاریہ 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ جنوب مغرب کی سمت سے 24 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا مطلع زیادہ تر وقت ابر آلود رہے گا، اور وقفے وقفے سے بوندا باندی کا امکان برقرار ہے۔
کراچی کے شہریوں نے اس تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا ہے کیونکہ حالیہ ہفتوں میں شدید گرمی اور حبس نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا تھا۔ سمندری ہواؤں کی واپسی اور بادلوں کی موجودگی سے شہر میں قدرے سکون کا ماحول پیدا ہوا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








