لاہور: پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے پنجاب بائیک اسکیم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت شہریوں کو نئی الیکٹرک موٹر سائیکل خریدنے پر ایک لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے گرین کریڈٹ پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد صوبے میں ایندھن پر چلنے والی گاڑیوں کی تعداد کم کر کے الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینا ہے۔
اہل افراد کے لیے شرائط:
اس اسکیم سے صرف وہ افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں جنہوں نے دسمبر 2024 کے بعد نئی الیکٹرک موٹر سائیکل خریدی ہو۔ درخواست گزار کو درج ذیل دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔
خریداری کی تاریخ
کمپنی اور ماڈل
رجسٹریشن نمبر
چیسز نمبر
رجسٹریشن بُک کی نقل
گاڑی کی واضح تصاویر
درخواست کی جانچ پڑتال کے لیے اسکیم کا نمائندہ ذاتی طور پر موٹر سائیکل اور دستاویزات کا معائنہ کرے گا۔
ادائیگی کے مراحل:
درخواست منظور ہونے کے بعد، پہلی قسط کے طور پر 50 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔باقی 50 ہزار روپے کی دوسری قسط حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کو اپنی موٹر سائیکل گرین کریڈٹ موبائل ایپ سے منسلک کرنا ہوگا اور چھ ماہ کے اندر 6,000 کلومیٹر کا سفر مکمل کرنا ہوگا۔ مطلوبہ فاصلہ طے ہونے کے بعد دوسری قسط جاری کر دی جائے گی۔
کون افراد نااہل ہیں؟
اس اسکیم سے وہ موٹر سائیکلیں مستفید نہیں ہو سکتیں جنہیں بعد ازاں الیکٹرک میں تبدیل (ریٹروفٹ) کیا گیا ہو۔ صرف نئی خریدی گئی اور رجسٹرڈ الیکٹرک موٹر سائیکلیں ہی اس مالی معاونت کی اہل ہوں گی۔
ماحولیاتی اہداف:
پنجاب حکومت کا ہدف ہے کہ سال 2025 کے اختتام تک دو ہزار پیٹرول موٹر سائیکلوں اور 250 دیگر گاڑیوں کو الیکٹرک میں تبدیل کیا جائے جس سے سالانہ 8 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی کی توقع ہے۔
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 2030 تک صوبے کے ٹرانسپورٹ بیڑے کا 30 فیصد حصہ الیکٹرک پر منتقل کر دیا جائے گا جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کے لیے سفری سہولتوں میں بھی بہتری آئے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








