پاکستان کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور اینکر فہد مصطفیٰ، جو اپنے مقبول شو جیتو پاکستان اور ڈراموں جیسے کبھی میں کبھی تم اور پرورش میں شاندار اداکاری کے لیے شہرت رکھتے ہیں، ایک نئے تنازع کی زد میں آ گئے ہیں۔ ان پر ایک سابق ٹیم ممبر نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جنہوں نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
الزامات لگانے والے عمر سعید نامی فوٹوگرافر ہیں جو ماضی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ساتھ منسلک رہے اور جیتو پاکستان لیگ کی ٹیم کا حصہ تھے۔ عمر نے سوشل میڈیا پر ایک پرانی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ فہد مصطفیٰ نے سیٹ پر انہیں ساتھیوں کے سامنے بارہا ذلیل کیا اور بعد میں ان کی نوکری ختم کروا دی۔
عمر نے انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا کہ آج دو سال بعد یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دل بھاری ہے۔ فہد مصطفیٰ نے مجھے سب کے سامنے بار بار توہین کا نشانہ بنایا۔ میں نے خاموشی اختیار کی لیکن انہوں نے مجھے اے آر وائی سے نکال دیا۔ اس واقعے نے میرا کیریئر برباد کر دیا۔ الحمدللہ، آج میں اپنا کاروبار چلا رہا ہوں اور اپنے خاندان کا سہارا ہوں۔ اب وقت ہے کہ ان کا اصل چہرہ سامنے لایا جائے۔ دوسروں کے ساتھ وہی سلوک کرو جو تم خود کے لیے چاہتے ہو۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور صارفین کے درمیان شدید بحث چھڑ گئی۔ کچھ لوگ فہد مصطفیٰ کے مبینہ رویے کی مذمت کر رہے ہیں جبکہ ان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ کہانی کا دوسرا رخ بھی ہو سکتا ہے اور بغیر مکمل حقائق جانے فیصلہ کرنا درست نہیں۔
دوسری جانب فہد مصطفیٰ نے تاحال ان الزامات پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور ان کے خاموش رہنے سے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں مزید زور پکڑ رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








