ایرانی صدر کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ؛ وزیراعلیٰ پنجاب اور نواز شریف نے استقبال کیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

ایران کے صدر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے والے ایرانی صدر کا خیرمقدم مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیا۔ ایئرپورٹ کو پاکستانی و ایرانی پرچموں سے سجایا گیا تھا جبکہ مہمان صدر کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا جو اس دورے کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

مسعود پزشکیان کا بطور صدر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے جس کے دوران وہ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

دورے سے قبل ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد پاک-ایران اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہے۔ انہوں نے سرحدی سیکیورٹی، علاقائی امن، اور سرحدی منڈیوں کے ذریعے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔

صدر پزشکیان نے پاک-ایران تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم ظاہر کیا اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں ایران کی فعال شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ایران کو یورپ سے جوڑنے کا سنہری موقع فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک-ایران اسلامی اتحاد کو کمزور کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا، اور دونوں ممالک کا برادرانہ رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔

ایرانی صدر آج لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوں گے جہاں وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

Related Posts