ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کا شاندار فائنل آج رات برمنگھم کے ایجبیسٹن اسٹیڈیم میں پاکستان چیمپئنز اور ساؤتھ افریقہ چیمپئنز کے درمیان کھیلا جائے گا، شائقین کرکٹ آج ایک سنسنی خیز اور تاریخی مقابلے کے منتظر ہیں، میچ آن لائن بھی دیکھا جاسکے گا۔
پاکستان نے اب تک کے تمام میچز جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ سیمی فائنل میں بھارت کی جانب سے میچ چھوڑنے کے بعد پاکستان کو براہِ راست فتح ملی۔
ساؤتھ افریقہ کی ٹیم نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، صرف ایک شکست پاکستان کے ہاتھوں کھائی، وہ بھی اس وقت جب ان کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز میچ کا حصہ نہیں تھے۔
فائنل کے لیے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی شمولیت متوقع ہے جو اس مقابلے کو مزید سنسنی خیز بنائے گی۔ ساؤتھ افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں ایک رن سے ڈرامائی کامیابی حاصل کر کے فائنل میں قدم رکھا۔
پاکستان میں شائقین اس فائنل کو موبائل اور کمپیوٹر پر براہِ راست دیکھ سکیں گے، جس کے لیے دو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ٹپ میڈ اور تماشہ پر لائیو اسٹریمنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ صارفین ان پلیٹ فارمز کو موبائل ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔
پاکستانی ٹیم اس وقت ناقابل شکست ہے اور پہلی بار ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم نظر آتی ہے۔ پچھلی بار کی ناکامی کو یاد رکھتے ہوئے گرین شرٹس ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
دونوں ٹیمیں رواں سال کی سب سے بہترین ٹیمیں ثابت ہوئی ہیں اور آج کا مقابلہ یقیناً کرکٹ کے شائقین کے لیے ناقابل فراموش ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








