وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر غیر ملکی مسافروں کے لیے علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں سیاحت کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا وِنگ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان علیحدہ کاؤنٹرز کے قیام سے ہوائی اڈوں پر امیگریشن کے عمل میں نمایاں بہتری آئے گی جس کے نتیجے میں غیر ملکی مسافروں کو سہولت حاصل ہوگی اور پاکستانی شہریوں کو بھی اپنے وطن واپسی پر تیز تر امیگریشن عمل کا تجربہ حاصل ہوگا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کا یہ اقدام ایک جامع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عالمی سیاحوں، سرمایہ کاروں اور کاروباری وفود کے لیے پاکستان کو مزید پرکشش اور دوستانہ ملک کے طور پر پیش کرنا ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف امیگریشن نظام کو جدید اور موثر بنائے گی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تاثر کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








