مشہور برانڈز کے نام پر زہریلا مشروب؛ کوئٹہ میں جعلی ڈرنک فیکٹری کا بھانڈا پھوٹ گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

اسلام آباد میں گدھے کے گوشت کی برآمدگی کے بعد اب بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں صحت دشمن مافیا کی ایک اور گھناؤنی کارروائی بے نقاب ہو گئی۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پر قمبرانی روڈ پر چھاپہ مارا جہاں جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والی فیکٹری پر ہاتھ ڈالا گیا۔

چھاپے کے دوران فیکٹری سے ہزاروں لیٹر مضر صحت کولڈ ڈرنک برآمد کی گئی جو مقامی مارکیٹوں میں سپلائی کیلئے تیار تھی۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیکٹری میں معروف برانڈز کے جعلی لیبل خالی بوتلیں اور فلنگ مشینیں موجود تھیں جنہیں استعمال کر کے سادہ عوام کو دھوکا دیا جا رہا تھا۔

فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل وقار خورشید عالم کا کہنا ہے کہ فیکٹری کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جعلی اور زہریلے مشروبات کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں سپلائی کیے جا رہے تھے، جو انسانی صحت کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

وقار خورشید عالم نے واضح کیا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی صحت دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رکھے گی، اور ایسی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی اشیاء کی نشاندہی کریں اور اپنی اور دوسروں کی صحت بچانے میں کردار ادا کریں۔

Related Posts