ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد؛ توانائی اور تجارت میں زبردست پیش رفت کی نوید

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اے پی پی )

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان آج وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے گزشتہ روز علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی۔ آج ان کا دن انتہائی مصروف ہے، جس میں وزیراعظم، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اہم ملاقاتیں شامل ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس پہنچ کر ایرانی صدر نے ایک یادگاری پودا بھی لگایا جو دونوں برادر اسلامی ممالک کے گہرے تعلقات کی علامت ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات میں باہمی تعاون، خصوصاً توانائی اور تجارت کے شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوگی۔ اس دوران مختلف معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں بھی دستخط کے لیے پیش کی جائیں گی۔

ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ شام کو صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات اور ان کے اعزاز میں عشائیے کی میزبانی متوقع ہے۔

ایرانی صدر کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے جسے دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دورے سے پاک-ایران تعلقات میں ایک نئی گرمجوشی اور عملی تعاون کا دور شروع ہو سکتا ہے۔

Related Posts