یہ ٹیم میں کیسے آ گیا؟ حسن علی کی بولنگ پر مداح آگ بگولا، ریٹائرمنٹ کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ایک مایوس کن دن میں فاسٹ بولر حسن علی ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں اپنے چار اوورز میں 48 رنز دینے کے بعد شائقین کے غم و غصے کی زد میں آگئے۔ خاص طور پر ان کے 19ویں اوور نے، جس میں 16 رنز پڑے، ویسٹ انڈیز کو میچ میں برتری دلائی اور پاکستانی شائقین کو غصے سے بھر دیا۔

تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری کے باوجود پاکستان نے دوسرے ٹی20 کی پہلی اننگز میں صرف 133 رنز کا کمزور سکور بنایا۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد سلمان آغا نے 38 اور حسن نواز نے 40 رنز کی اہم اننگز کھیلیں، لیکن لوئر آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا جس نے بولرز کے لیے ایک مشکل ہدف سیٹ کیا۔

دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز نے شاندار آغاز کیا جہاں محمد نواز نے ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آرڈر کو تین وکٹوں کے ساتھ تہس نہس کر دیا۔ میچ سنسنی خیز موڑ تک پہنچا، جہاں ویسٹ انڈیز کے لیے جیسن ہولڈر اور رومیریو شیفرڈ آخری امید بن کر ابھرے۔

میچ کا فیصلہ کن 19واں اوور حسن علی کو دیا گیا جو ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ اوور کی پہلی گیند وائیڈ رہی اس کے بعد نو بال نے ویسٹ انڈیز کا حوصلہ بڑھایا۔ رومیریو شیفرڈ نے لانگ آن پر چھکے کے ساتھ حسن علی کی کمزوری کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اوور میں ایک اور چوکا پڑا اور مجموعی طور پر 16 رنز بنے جس نے ویسٹ انڈیز کو آخری 6 گیندوں پر صرف 8 رنز کی ضرورت تک پہنچا دیا۔

اس مایوس کن کارکردگی نے شائقین کو سوشل میڈیا پر آگ بگولہ کر دیا۔ مداحوں نے حسن علی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی فوری ریٹائرمنٹ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ ٹیم میں جگہ کے مستحق نہیں۔ پاکستانی کرکٹ شائقین اب مستقبل کے میچوں میں بہتر حکمت عملی اور کھلاڑیوں کے انتخاب کی امید کر رہے ہیں۔

Related Posts