نادرا کا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) ویزا پراسیسنگ کے لیے لازم قرار دینے کے بعد اگست 2025 میں فیس اور تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے جاری کردہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) ایک اہم سرکاری دستاویز ہے، جو کسی فرد کے خاندانی ڈھانچے کی تصدیق نادرا کے ریکارڈ کے مطابق کرتی ہے۔
یہ سرٹیفکیٹ پاکستان میں ویزا پراسیسنگ، وراثتی امور اور دیگر خاندانی معاملات میں استعمال ہوتا ہے۔ نادرا کے مطابق ایف آر سی کو سفارتی اور ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم یہ قانونی حیثیت نہیں رکھتا۔
ایف آر سی خاص طور پر ان بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ضروری ہے، جو اپنے اہل خانہ کو اپنے پاس بلانا چاہتے ہیں۔ ویزا درخواست میں یہ سرٹیفکیٹ سفارت خانوں کی جانب سے بنیادی تقاضوں میں شامل ہوتا ہے۔
ایف آر سی کی مختلف اقسام موجود ہیں، جن میں سے شادی کی بنیاد پر حاصل کیا جانے والا ایف آر سی سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہے۔
اس میں شوہر، بیوی اور بچوں کی تفصیلات شامل ہوتی ہیں اور اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام افراد نادرا کے ریکارڈ میں مکمل طور پر رجسٹرڈ ہوں اور ان کے پاس 13 ہندسوں پر مشتمل قومی شناختی نمبر موجود ہو۔
ایف آر سی کے حصول کے دو بنیادی طریقے ہیں، پہلا طریقہ نادرا رجسٹریشن سینٹر کے ذریعے ہے، جہاں درخواست دہندہ کو قریبی نادرا مرکز پر جا کر ٹوکن حاصل کرنا ہوتا ہے۔
اگر بچے 18 سال سے کم عمر ہوں تو ان کی موجودگی ضروری ہے اور تصاویر بھی لی جاتی ہیں۔ تمام کوائف کی تصدیق کے بعد ایف آر سی اسی دن جاری کر دیا جاتا ہے۔ اگر بچے بالغ ہوں تو ان کی موجودگی ضروری نہیں لیکن ان کی معلومات کا اندراج کیا جاتا ہے۔
دوسرا طریقہ پاک آئیڈنٹٹی موبائل ایپ کے ذریعے ہے جس کے ذریعے درخواست دہندہ آن لائن درخواست دے کر اپنا ایف آر سی ڈیجیٹل شکل میں ای میل کے ذریعے حاصل کر سکتا ہے۔ یہ طریقہ خاص طور پر بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے نہایت آسان اور مؤثر ہے، جو کسی بھی جگہ سے یہ سروس استعمال کر سکتے ہیں۔
ایف آر سی حاصل کرنے کے لیے چند لازمی دستاویزات درکار ہوتی ہیں جن میں شوہر، بیوی اور بچوں کا 13 ہندسوں والا شناختی نمبر، نادرا کے مطابق درست ناموں ک ےہجے اور 18 سال سے کم عمر بچوں کی تصاویر شامل ہیں۔
اگر خاندان میں کوئی فرد نادرا کے ریکارڈ میں رجسٹرڈ نہیں ہے یا معلومات نامکمل ہیں تو وہ ایف آر سی میں شامل نہیں ہوگا۔ اگر خاندان کا کوئی فرد پاکستانی اوورسیز کارڈ (پی او سی) رکھتا ہو تو اُسے خود درخواست دینا ہوگی اور اپنے اہل خانہ کو بطور رشتہ دار شامل کرنا ہوگا۔
نادرا نے ایف آر سی بذریعہ شادی کی فیس ایک ہزار روپے مقرر کی ہے اور یہ دستاویز اُسی دن جاری کر دی جاتی ہے۔ نادرا کی ہدایت کے مطابق تمام شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے خاندانی ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ وقتِ ضرورت یہ اہم دستاویز بروقت اور بغیر کسی رکاوٹ کے حاصل کی جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








