مدینہ منورہ نے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر اپنی ممتاز حیثیت منوا لی، عالمی ادارہ صحت (WHO) نے مدینہ کو دوبارہ صحت مند شہر کا درجہ دے دیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مدینہ نے صحت کے شعبے میں ڈبلیو ایچ او کے 80 سے زائد عالمی معیارات پر کامیابی سے پورا اترتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے باقاعدہ تصدیقی سند جاری کی گئی۔
مدینہ کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان نے سعودی وزیر صحت سے یہ عالمی سند وصول کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مدینہ کو دوبارہ صحت مند شہر قرار دیا جانا اس بات کی دلیل ہے کہ سعودی قیادت اپنی عوام کی فلاح، صحت اور معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے سنجیدہ اور پُرعزم ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ مدینہ کو پہلی بار یہ اعزاز 2019 میں حاصل ہوا تھا اور اب ایک بار پھر اس اعزاز کا تسلسل جاری رکھنا سعودی عرب کی مؤثر پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ صرف مدینہ ہی نہیں بلکہ طائف، تبوک، الدرعیہ سمیت 14 دیگر سعودی شہر بھی اس مرتبہ صحت مند شہروں کی عالمی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔
مدینہ منورہ کا یہ اعزاز نہ صرف سعودی عرب کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ امت مسلمہ کے دل میں بسنے والے اس مقدس شہر کے لیے ایک اور روحانی خوشخبری بھی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








