کراچی میں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار، شہر قائد میں بارش کب ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi weather turns pleasant after morning drizzle
ONLINE

کراچی: پیر کی صبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی بوندا باندی نے موسم کو خوشگوار بنا دیاجس سے گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کو کچھ راحت ملی، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران کراچی میں موسم مرطوب رہے گا جبکہ بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کی رپورٹ کے مطابق صبح اور رات کے وقت ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

اس وقت شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے ہوائیں 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آج دن کے وقت درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج 4 اگست سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے ایک اور سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں اس وقت کمزور مون سون ہوائیں اثر انداز ہو رہی ہیں، جن کی شدت آج سے بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 5 اگست سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بھی ملک میں داخل ہوگا جو بارش برسانے والے نظام کو مزید تقویت دے گا۔

کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں 4 سے 7 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں شدید بارشیں بھی متوقع ہیں جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں جیسے مظفرآباد، راولا کوٹ، وادی نیلم، دیامر، سکردو اور گلگت میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔

Related Posts