کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں واقع ایک رہائشی بنگلے کی دیوار اس وقت زمین بوس ہوگئی جب ایک تیز رفتار ٹریلر بے قابو ہوکر عمارت سے جا ٹکرایا۔ یہ حادثہ ڈیفنس لائبریری کے قریب پیش آیا، جس میں دو افراد زخمی ہوگئے، جن میں ٹریلر کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔
پولیس نے تصدیق کی کہ حادثے کے وقت بنگلہ خالی تھا کیونکہ وہاں رہنے والا خاندان اسلام آباد میں موجود ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹریلر ڈرائیور نے گاڑی پر سے کنٹرول کھو دیا اور ٹریلر بنگلے کی بیرونی دیوار سے جا ٹکرایا۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں 32 سالہ رمضان اور 29 سالہ ارشد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے میں بنگلے کی بیرونی دیوار کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ پولیس نے ٹریلر کو قبضے میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کر دیا ہے۔
کچھ روز قبل بھی کراچی کے بولٹن مارکیٹ کے قریب ایک تیز رفتار ٹریلر نے دو نوجوانوں نور محمد اور زاہد کو کچل کر ہلاک کر دیا تھا۔
دونوں نوجوان لیاری کے علاقے عثمان آباد کے رہائشی تھے۔ مشتعل عوام نے اس واقعے میں ڈرائیور عابد علی پر تشدد کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔میٹھا در پولیس اسٹیشن میں غفلت برتنے پر ٹریلر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








