ڈرنک اینڈ ڈرائیو اسکینڈل کے بعد اچانک موت؛ اداکار سونگ یونگ کیو کی لاش کار سے بر آمد

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ مینز جرنل)

جنوبی کوریا کے نامور اداکار سونگ یونگ کیو کی اچانک وفات نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ 55 سالہ اداکار کی لاش پیر، 4 اگست 2025 کو سیئول کے قریب ان کے رہائشی کمپلیکس میں کھڑی ایک گاڑی سے برآمد ہوئی۔

حکام کے مطابق صبح 8 بجے کے قریب ایک شخص نے سونگ یونگ کیو کو گاڑی کے اندر بے ہوش حالت میں دیکھا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ ابتدائی تحقیقات میں نہ تو کوئی خودکشی کا نوٹ ملا اور نہ ہی قتل کے کوئی آثار پائے گئے۔ پولیس نے تصدیق کی کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

سونگ یونگ کیو حال ہی میں ایک تنازع کا شکار ہوئے تھے جب ان پر نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کا الزام عائد کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق، ان کے خون میں الکحل کی مقدار اتنی زیادہ تھی کہ ان کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد انہیں تین بڑے پراجیکٹس سے ہٹا دیا گیا جن میں دو ڈراموں دی ڈیفیکٹس اور دی وننگ ٹرائے کے علاوہ ایک اسٹیج ڈرامہ شیکسپئر ان لو شامل تھا۔

سونگ یونگ کیو نے اپنے شاندار کیریئر میں کئی یادگار کردار ادا کیے۔ 2019 کی بلاک بسٹر فلم ایکسٹریم جاب میں ان کے چیف کے کردار کو بے حد سراہا گیا۔ وہ نیٹ فلکس کی مشہور سیریز نارکو سینٹس اور ڈزنی پلس کی بگ بیٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے تھے۔

ان کی اچانک وفات سے شوبز کی دنیا سوگوار ہے، اور مداح سوشل میڈیا پر اپنے پسندیدہ اداکار کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

Related Posts