ملک بھر میں آج یوم کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ کابینہ ڈویژن نے گزشتہ روز 5 اگست کو کشمیر یوم استحصال کے طور پر منانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔جو بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات کی یاد دلاتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کشمیریوں سے یکجہتی کا عزم دہرایا اور عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کی کوشش کی۔ غیرکشمیریوں کو ووٹر لسٹوں میں شامل کر کے اور ڈومیسائل قوانین کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے وطن میں اقلیت بنانے کی سازش جاری ہے۔ انہوں نے بھارتی جبر، میڈیا پر پابندیوں اور گرفتاریوں کی مذمت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بھارتی اقدامات کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حریت رہنماؤں کی قید کو کشمیری جذبے کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مودی حکومت نے ہندوتوا ایجنڈے کے تحت کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی منظم سازش کی جا رہی ہے۔ 9 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں کشمیریوں سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے کی اپیل کی اور ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے آئین میں ترمیم کی اور آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا۔ اس آرٹیکل نے ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دی اور اس کے تحت بھارتی آئین کی وہ دفعات اور قوانین جو دوسری ریاستوں پر لاگو ہوتے ہیں جموں و کشمیر پر لاگو نہیں ہوتے۔
اس آرٹیکل کے تحت کوئی بھی عام ہندوستانی شہری جموں و کشمیر میں جائیداد نہیں خرید سکتا۔ اسی طرح کوئی بھی ہندوستانی کارپوریشن یا نجی ادارہ وہاں جائیداد حاصل نہیں کر سکتا تھا۔ جموں و کشمیر کے اندر سرکاری اراضی پر رہائشی کالونیوں، صنعتی یونٹوں اور ڈیموں کے قیام پر بھی پابندی لگا دی گئی۔
بھارت نے کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے اور وہاں ہندوؤں کو بسانے کے لیے آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا- جس کا مقصد مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








