اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے 430 فٹ اونچے پہاڑ سے چھلانگ لگادی؛ ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے 59 سال کی عمر میں ایک مرتبہ پھر اپنے چاہنے والوں کو حیران کر دیا۔ انہوں نے انڈونیشیا کے دلکش جزیرے بالی کے ساحلی علاقے میں 430 فٹ کی اونچائی سے بنجی جمپنگ کرکے اپنی بہادری اور جوشیلے انداز کا مظاہرہ کیا۔

ڈاکٹر نائیک اس وقت انڈونیشیا کے سفر پر ہیں جہاں وہ روایتی سرگرمیوں سے الگ، سنسنی خیز مہم جوئی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بنجی جمپنگ کے علاوہ کلف جمپنگ اور واٹر سلائیڈنگ جیسے دلچسپ ایڈونچرز میں بھی حصہ لیا۔

ذاکر نائیک نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر ان پرجوش لمحات کی جھلکیاں شیئر کیں جو مداحوں کے لیے ایک خوشگوار سرپرائز ثابت ہوئیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈاکٹر نائیک نے ایسی سرگرمی میں حصہ لیا ہوا۔ گزشتہ برس یوگنڈا کے دورے کے دوران انہوں نے 165 فٹ کی بلندی سے بنجی جمپنگ کی تھی جس نے بھی ان کے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

بنجی جمپنگ کیا ہے؟

بنجی جمپنگ ایک دل دہلا دینے والا کھیل ہے جس میں ایک شخص لچکدار اور مضبوط رسی سے بندھ کر کسی بلند جگہ جیسے کہ پل، عمارت یا پہاڑ سے چھلانگ لگاتا ہے۔ جیسے ہی وہ نیچے گرتا ہے رسی اس کی رفتار کو روکتی ہے اور اسے اوپر کی طرف اچھالتی ہے جس سے ایک جھولے کی طرح سنسنی خیز تجربہ ہوتا ہے۔

ڈاکٹر نائیک کی اس دلیرانہ مہم جوئی نے سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی حاصل کی جہاں لوگ ان کی توانائی اور نڈر طبیعت کی داد دے رہے ہیں۔ یہ واقعہ ان کی شخصیت کے ایک انوکھے رخ کو سامنے لاتا ہے کہ وہ نہ صرف علم و حکمت کے میدان میں بلکہ زندگی کو پوری طرح جینے میں بھی سب سے آگے ہیں۔

Related Posts