مہاراشٹرا کے ضلع چھترپتی شنبھاجی نگر (سابقہ اورنگ آباد) میں ایک افسوسناک واقعہ نے سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ ایک 16 سالہ نوجوان گوپال ٹڈے نے صرف اس وجہ سے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا کیونکہ اس کی والدہ اسے موبائل فون خرید کر دینے سے قاصر تھیں۔
گوپال جو پولیس بھرتی کے امتحان کی تیاری میں مصروف تھا، نے کئی بار اپنی والدہ سے موبائل فون کی فرمائش کی۔ ہر بار اسے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ اتوار کے دن بھی اس نے اپنی خواہش دوہرائی، مگر والدہ کے انکار نے اسے شدید دلبرداشتہ کر دیا۔
مایوسی کے عالم میں گوپال گھر سے نکلا اور قریبی ٹیس گاؤں کے پاس ایک پہاڑی پر چڑھ گیا۔ وہاں سے اس نے دل دہلا دینے والا قدم اٹھاتے ہوئے نیچے چھلانگ لگا دی۔ مقامی لوگوں نے فوراً اسے زخمی حالت میں قریبی اسپتال پہنچایا، مگر بدقسمتی سے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دیں اور کیس درج کر لیا۔ یہ واقعہ نہ صرف ایک خاندان کے لیے صدمہ ہے بلکہ معاشرے کے لیے بھی ایک سوالیہ نشان چھوڑ گیا کہ کیا ہمارے نوجوانوں کی خواہشات اور دباؤ انہیں اس قدر تنہا کر رہے ہیں کہ وہ زندگی جیسا قیمتی تحفہ چھوڑ دینے کو ترجیح دیتے ہیں؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








