اوول ٹیسٹ میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 6 رنز سے شکست دے دی اور اس فتح کے ہیرو محمد سراج سوشل میڈیا پر چھا گئے۔
محمد سراج کا جادوئی اسپیل
تفصیلات کے مطابق محمد سراج نے انگلینڈ کے خلاف بھارت کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 30 اوورز میں 104 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جن میں آخری وکٹ کے طور پر گس ایٹکنسن کو ایک تباہ کن یارکر پر کلین بولڈ کرنا شامل تھا۔ اس شاندار کارکردگی نے بھارت کو 6 رنز سے فتح دلائی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سراج اس سیریز کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے، جنہوں نے 9 اننگز میں 23 وکٹیں اپنے نام کیں۔
سوشل میڈیا پر ڈی ایس پی سراج کی دھوم
سوشل میڈیا پر شائقین نے سراج کی شاندار بولنگ کی تعریفوں کے پل باندھے اور ڈی ایس پی سراج کے نام سے وائرل میمز شیئر کیے۔ یہ خطاب دراصل حال ہی میں حیدرآباد میں اعزازی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بننے کے حوالے سے ہے۔ کچھ صارفین نے ان کی جارحانہ بولنگ اور جذباتی انداز کی تعریف کی جبکہ دیگر نے ان کی مستقل مزاجی کو بھارتی فاسٹ بولنگ کا مستقبل قرار دیا۔
میچ کا جائزہ
5 روزہ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 224 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں 396 رنز اسکور کیے، دونوں اننگز میں بھارتی ٹیم مکمل طور پر آؤٹ ہوئی۔ بھارت نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیا لیکن انگلش ٹیم اسے حاصل نہ کر سکی۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 247 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں پوری ٹیم 367 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس طرح بھارت نے صرف 6 رنز سے میچ اپنے نام کیا۔ اس فتح کے ساتھ ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر ہو گئی ہے۔
دیگر بولرز کی کارکردگی
محمد سراج کے علاوہ پرسیدھ کرشنا نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 27 اوورز میں 126 رنز دے کر 4 انگلش وکٹیں حاصل کیں۔
سوشل میڈیا پر شائقین نے نہ صرف سراج کی بولنگ کی تعریف کی بلکہ میچ کی سنسنی خیزی کو بھی خوب سراہا۔ یہ میچ کرکٹ شائقین کیلئے ایک یادگار لمحہ بن گیا جس نے ثابت کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ اب بھی جوش و جذبے سے بھرپور ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








