سوات: بدھ کے روز سوات اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں درمیانے درجے کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4اعشاریہ 7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 61 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز ہندو کش کے پہاڑی سلسلے میں واقع تھا، جو اکثر اوقات زیر زمین سرگرمیوں کا مرکز رہتا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے مینگورہ، مٹہ، بریکوٹ اور خیبرپختونخوا کے دیگر قریبی علاقوں میں بھی شدت سے محسوس کیے گئے۔
مقامی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ اب تک کسی قسم کی ہلاکت یا عمارتوں کو نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلے کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے تاہم صورتحال معمول پر ہے اور کسی ایمرجنسی کا اعلان نہیں کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








