لاکھوں نمبرز بند! واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن فراڈ سے بچانے کیلئے نیا سیکورٹی فیچر متعارف کروادیا

تازہ ترین

تازہ ترین

New WhatsApp features will save you from getting scammed
FILE PHOTO

واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن فراڈ اور دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے ایک نیا اور مؤثر حفاظتی نظام متعارف کرایا ہے جس کا مقصد مشتبہ پیغامات اور نامعلوم روابط سے بچاؤ فراہم کرنا ہے۔

کمپنی نے حالیہ دنوں میں ایسے چھ اعشاریہ آٹھ ملین اکاؤنٹس کو بند کیا ہے جن کا تعلق فراڈی سرگرمیوں سے تھا۔

نئے فیچرز میں خاص طور پر گروپ چیٹس کو محفوظ بنانے کے لیے ایک سیفٹی اوورویو اسکرین شامل کی گئی ہے جو اُس وقت ظاہر ہوگی جب کوئی صارف ایسے گروپ میں شامل کیا جائے گا جس میں شامل کرنے والا شخص اس کے روابط میں موجود نہیں ہوگا۔

اس اسکرین کے ذریعے صارف کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ اسے کس نے شامل کیا اور کیا گروپ کے دیگر افراد اس کے جاننے والے ہیں یا نہیں۔ جب تک صارف خود فیصلہ نہ کرے، گروپ کی تمام اطلاعات خاموش رہیں گی تاکہ فوری ردعمل سے بچا جا سکے۔

اس کے علاوہ واٹس ایپ انفرادی پیغامات کے ذریعے ہونے والے فراڈ کے خلاف بھی اقدامات کر رہا ہے کیونکہ اب جعلساز پہلے دیگر پلیٹ فارمز پر رابطہ کرتے ہیں اور بعد میں صارفین کو واٹس ایپ پر لاتے ہیں۔

New WhatsApp features

اس رویے کی روک تھام کے لیے واٹس ایپ نے نئے انتباہی پیغامات کا آغاز کیا ہے جو اس وقت ظاہر ہوں گے جب کوئی صارف کسی ایسے شخص سے گفتگو شروع کرے گا جو اس کے روابط میں شامل نہیں۔

یہ پیغامات صارف کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ جواب دینے سے پہلے غور کرے اور ساتھ ہی بھیجنے والے کی شناخت اور حفاظتی تجاویز بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

واٹس ایپ نے مصنوعی ذہانت کے ادارے کے ساتھ مل کر کمبوڈیا میں قائم ایک بڑے فراڈی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ہے جو چیٹ جی پی ٹی جیسے اوزاروں کی مدد سے ابتدائی دھوکہ دہی والے پیغامات تیار کرتا تھا۔

ان پیغامات کے ذریعے صارفین کو ٹیلیگرام جیسے دوسرے پلیٹ فارمز پر لے جایا جاتا، جہاں انہیں جعلی سرمایہ کاری یا فرضی کاموں کے ذریعے مالی طور پر نقصان پہنچایا جاتا۔ متاثرین کو جعلی کمائی کے اسکرین شاٹس دکھا کر کرپٹو اکاؤنٹس میں اصل رقم جمع کروائی جاتی۔

کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نامعلوم پیغامات کا فوری جواب نہ دیں، مالی پیشکشوں پر سوال اٹھائیں، رشتہ دار یا دوست کے دعویدار افراد کی تصدیق دیگر ذرائع سے کریں اور ایسے پیغامات سے ہوشیار رہیں جو جلد بازی میں کوئی فیصلہ کرنے پر زور دیتے ہوں۔

واٹس ایپ نے ایک بار پھر اعادہ کیا ہے کہ صارفین کی سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے اور وہ مسلسل مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی، رپورٹنگ کے جدید نظام اور بین الاقوامی اداروں سے تعاون کے ذریعے صارفین کو باخبر اور محفوظ رکھنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

Related Posts