معروف پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ کی اپنے دیرینیہ دوست زین احمد سے شادی کی خوبصورت تصاویر سامنے آگئیں۔
قبل ازیں یہ خبریں غیر مصدقہ طور پر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں کہ آئمہ نے خفیہ طور پر شادی کرلی ہے، تاہم اب شادی کی تصاویر نے معاملہ بالکل کلیئر کردیا ہے۔

آئمہ بیگ نے اپنی شادی کی باقاعدہ تصدیق کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

آئمہ بیگ نے اپنی پوسٹ میں لکھا: “کل رات اپنے سب سے قریبی دوست سے شادی کر لی، الحمدللہ… ابھی تک خواب سا لگ رہا ہے، یہ واقعی ہو گیا۔”

آئمہ بیگ نے مزید لکھا کہ ہمارے لیے دعا کیجئے، ہم ایک نیا سفر شروع کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فی الحال وہ کافی جذباتی اور مصروف ہیں، لیکن جلد اپنی مکمل تصاویر بھی شیئر کریں گی۔

ذرائع کے مطابق آئمہ بیگ اور زین احمد نے کینیڈا میں ایک سادہ مگر خوبصورت نجی تقریب میں نکاح کیا۔

آئمہ بیگ نے سوشل میڈیا پر اس تقریب کی چند تصاویر بھی شیئر کی ہیں جن میں دونوں خوشگوار انداز میں نظر آ رہے ہیں۔

آئمہ اور زین احمد کو گزشتہ چند ماہ سے متعدد مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ دونوں نے انسٹاگرام پر اپنی دوستی اور تعلق کا کھلے انداز میں اظہار بھی کیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آئمہ بیگ کی منگنی اداکار شہباز شگری سے ہوئی تھی تاہم کچھ عرصہ بعد دونوں نے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔

اب آئمہ بیگ نے ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے اور ان کے مداح اس خوبصورت جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








