نیو حب کینال منصوبہ مقررہ وقت سے قبل مکمل، میئر کراچی کا دورہ، افواہیں مسترد

تازہ ترین

تازہ ترین

New Hub canal completed ahead of schedule
MM NEWS

کراچی کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعمیر کیا جانے والا اہم اور طویل المدتی منصوبہ نیو حب کینال مقررہ وقت سے قبل مکمل کرلیا گیا ہے۔

اس منصوبے کی تکمیل شہر کے لیے ایک بڑی کامیابی اور تاریخی سنگ میل ہے جو تقریباً بائیس سال بعد کراچی میں پانی کی فراہمی کا پہلا بڑا منصوبہ ہے۔

افتتاح سے قبل میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کے افسران اور ماہرین کے ہمراہ نیو حب کینال کا دورہ کیا اور مختلف سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام، کنسلٹنٹ اور منصوبے کی انجینئرنگ ٹیم بھی موجود تھی۔ معائنے کے بعد ماہرین نے منصوبے کو مکمل فعال اور محفوظ قرار دیا۔

اس موقع پر میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیو حب کینال سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی غیر مصدقہ ویڈیوز اور تصاویر کو سختی سے مسترد کیا اور انہیں من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ بغیر تصدیق کے خبریں بنائی جاتی ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جو ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ہیں وہ دراصل خود واٹر کارپوریشن کی جانب سے منصوبے کے مختلف مراحل کی دستاویزی ریکارڈنگ کے طور پر بنائی گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کام میں خرابی ہوتی تو کیا ادارہ خود اس کی ویڈیوز بناتا؟ میئر کراچی نے کہا کہ حب کینال کا کام معیاری ہے، ویڈیو پرانی ہے اور ادارے کی اپنی بنائی ہوئی ہے۔

افتتاح سے قبل ٹیسٹنگ کا عمل ہر منصوبے کا لازمی جزو ہوتا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خرابی کو دور کر کے کام کو حتمی شکل دی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دو، دو کلومیٹر کے سیکشن بنا کر مرحلہ وار ٹیسٹنگ کرتے ہیں۔ پانی کا اپنا ایک فلو ہوتا ہے اور کنکریٹ کے کام میں مسائل کو تکنیکی بنیادوں پر حل کیا جاتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے یقین دہانی کرائی کہ ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے اور ہم کل بھی ٹیسٹنگ کریں گے۔ اس نئے کینال کا افتتاح ہر صورت 13 اگست کو کیا جائے گا۔

دوسری جانب پروجیکٹ کنسلٹنٹ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ویڈیو تقریباً 25 دن پرانی ہے اور اس کا موجودہ صورتحال سے کوئی تعلق نہیں۔

حکام کے مطابق پرانی کینال میں تین شگاف تجرباتی پانی چھوڑنے کے لیے جان بوجھ کر ڈالے گئے تھے تاکہ نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ علاوہ ازیں، یکم اگست کو بھی پانی چھوڑا گیا تھاجو کامیاب رہا۔

ڈاکٹر رافع صدیقی نے کہا کہ نیو حب کینال منصوبہ کراچی کی پانی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور عوام کو جلد اس کے ثمرات ملنا شروع ہو جائیں گے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور شہر کی ترقی میں ادارے کا ساتھ دیں۔

Related Posts