اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی نے بیرونِ ملک جائیدادیں بنا لی ہیں اور کئی اعلیٰ افسران پرتگال میں رہائش اور شہریت کے حصول کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر جاری کردہ بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ متعدد نامور اور بااثر بیوروکریٹس، جنہیں وہ مگر مچھ قرار دیتے ہیں، ملک میں اربوں روپے ہڑپ کرنے کے بعد پُرآسائش ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔
ان کے بقول ان بیوروکریٹس نے نہ صرف ملک کا سرمایہ لوٹا بلکہ اب بیرونِ ملک مستقل قیام کے لیے اقدامات بھی شروع کر دیے ہیں۔
#WATCH: Pakistan’s defense minister Khawaja Asif describes country’s governance as a “hybrid model” where army and civilian leaders share power — a rare admission by a serving official and taking on added significance amid the army chief’s solo US visit. https://t.co/BvbYNrC93T pic.twitter.com/DvNGonAWBF
— Arab News Pakistan (@arabnewspk) June 20, 2025
وزیر دفاع نے اپنی پوسٹ میں الزام لگایا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے قریبی بیوروکریٹ نے اپنی بیٹیوں کی شادی پر صرف سلامی کی مد میں چار ارب روپے حاصل کیے اور اب وہ بغیر کسی احتساب کے آرام دہ زندگی گزار رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست دان تو صرف بیوروکریسی کے چھوڑے ہوئے ٹکڑوں پر گزارا کرتے ہیں، ان کے پاس نہ تو مہنگے پلاٹ ہوتے ہیں اور نہ ہی غیر ملکی شہریت۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو تو عوام کے سامنے آ کر انتخابات میں حصہ لینا ہوتا ہے جبکہ اصل بگاڑ بیوروکریسی کر رہی ہے، جو ریاستی نظام کو خراب کر رہی ہے۔
وزیر دفاع کے اس حالیہ بیان نے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے اور بیوروکریسی میں احتساب کے عمل پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








