ڈرامہ سیریل شیر کی 23ویں قسط نے ناظرین کے دلوں کو ایک بار پھر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے،ڈرامے میں دکھائی گئی جذباتی کشمکش، خاندانی دشمنی، اور ممنوعہ محبت کے موضوعات نے ناظرین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔
شیر زمان اور فجر کی کہانی ایک نئے اور سنسنی خیز موڑ پر آ پہنچی ہے جہاں نہ صرف کرداروں کی وفاداریاں آزمائش میں ہیں بلکہ ان کے جذبات بھی بری طرح جھلس رہے ہیں۔
ڈرامے کا مرکزی کردار شیر زمان، جسے دانش تیمور نے بے مثال انداز میں نبھایا، اس قسط میں شدید اذیت، درد اور پشیمانی کا شکار دکھائی دیتا ہے۔
دوسری جانب سارہ خان کے کردار فجر کو بھی دشمنی اور وفا کے درمیان جھولتے دیکھا گیا۔ دونوں کرداروں کے درمیان گہری جذباتی گفتگو، ایک طرف عشق کا رنگ بھرتی ہے تو دوسری طرف نفرتوں کی بھٹی میں جھلستی روایات کو بھی چیلنج کرتی ہے۔
قسط کا آغاز اس سوال سے ہوتا ہے کہ شیر کہاں ہے؟ جس پر پوری کہانی کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔ فجر کے کردار پر شک گہرا ہوتا جا رہا ہے کہ اس نے شیر کو اغوا کیااور یہی شبہ اسے دشمنوں کے نشانے پر لے آتا ہے۔
فجر کی خاموشی، وفاداری اور قربانی، اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ سچ اور عشق دونوں کی لاج رکھنا جانتی ہے لیکن شیر کے خاندان کو فجر کی نیت پر شک ہے اور ان کا غصہ کئی خطرناک فیصلوں کی شکل اختیار کر رہا ہے۔
خاندانی روایات، مردانگی، غیرت، اور بے رحم انتقام کی فضا قسط بھر میں چھائی رہی۔ شیر کے والدین کی بے بسی، شاہزمان کی موت اور فجر پر لگتے الزامات نے ماحول کو مزید بوجھل کر دیا۔
گھر میں تین جوان مرد موجود ہیں لیکن ایک لڑکی کو زہر نہیں دیا جا سکا جیسے جملے کرداروں کی تلخ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔
دوسری جانب ڈرامے میں رشتوں کی ٹوٹ پھوٹ، سازشیں اور بدگمانیاں بھی نمایاں رہیں۔ شیر کے قریبی رشتہ دار بدلہ لینے پر تلے ہوئے ہیں، یہاں تک کہ وہ اپنی بیٹی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر بھی آمادہ دکھائی دیتے ہیں۔
قسط کے آخر میں کئی جذباتی مناظر شامل ہیں جہاں فجر شیر کو تسلی دیتے ہوئے کہتی ہے، ہر ڈاکٹر کے پاس دوا ہوتی ہے، مگر شفا نہیں۔
یہ جملہ پورے ڈرامے کا خلاصہ معلوم ہوتا ہے۔ دونوں کرداروں کی باہمی قربت اور جذباتی مکالمے ناظرین کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑ گئے۔
شیر محض ایک رومانی کہانی نہیں بلکہ یہ روایات، دشمنیوں، قربانیوں اور عورت کے وقار پر اٹھنے والے سوالات کی ایک دردناک داستان ہے۔
ڈرامے کے ہدایتکار اور مصنف نے نہایت باریکی سے ہر کردار کی نفسیات کو اجاگر کیا ہے جبکہ پروڈکشن کا معیار، اداکاری اور مکالموں کی شدت بھی قابلِ تعریف ہے۔
آخری منظر میں فجر کا اعلان کہ وہ کچھ دنوں کے لیے اپنا فون بند رکھے گی، شیر کو اندر سے توڑ کر رکھ دیتا ہے، اور وہ کہتا ہے: اگر مجھے تمہاری یاد آئی تو؟
ڈرامہ سیریل شیر اپنی شدت، جذباتی پیچیدگی اور سماجی تضادات کی عکاسی کے باعث بلاشبہ پاکستانی ڈراموں کی موجودہ صف میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








