پورٹ آف اسپین: ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے بدھ کے روز اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا،یہ سیریز 8 اگست سے ٹرینیڈاڈ کے معروف برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہو گی۔
شیڈول کے مطابق دوسرا میچ 10 اگست اور تیسرا و آخری مقابلہ 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔
میزبان ٹیم حالیہ کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے مسلسل چوتھی ون ڈے سیریز جیتنے کا ہدف لے کر میدان میں اترے گی۔ ویسٹ انڈیز نے گزشتہ سال انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ رواں برس کے آغاز میں برطانیہ کے دورے پر بھی فتوحات حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فاسٹ باؤلر الزاری جوزف کو فزیکل فٹنس اور ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دیا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈر روماریو شیفرڈ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچز میں شریک نہیں تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ سیریز ٹیم کی تیاری کے لیے اہم موقع ہے تاکہ 2027 میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے مضبوط اسکواڈ تشکیل دیا جا سکے۔
ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک مختلف اور سخت چیلنج ہے۔ ہم 2027 ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اس دوران جیت کا تسلسل اور ٹیم کے اندر ہم آہنگی بہت اہم ہے۔
ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں شائی ہوپ (کپتان)، جیول اینڈریو،جیڈیا بلیڈز، کیسی کارٹی،روسٹن چیز،میتھیو فورڈ، جسٹن گریوز،امیر جانگو،شمر جوزف، برینڈن کنگ، ایوِن لیوس، گُڈاکیش موتی،شرفین ردر فورڈ،جیڈن سیلزاورروماریو شیفرڈشامل ہیں۔
یہ سیریز ویسٹ انڈیز کی موجودہ فارم اور ٹیم تیاری کے لحاظ سے فیصلہ کن ہو سکتی ہے جبکہ پاکستان کے لیے بھی یہ دورہ اہم ہے جو عالمی کپ سے قبل اپنی کارکردگی میں تسلسل لانے کے خواہاں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








