نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے صارفین کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے فی یونٹ قیمت میں 1 روپیہ 88 پیسے کی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اپریل سے جون 2025 تک کی سہ ماہی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے جو اگست سے اکتوبر 2025 تک تین ماہ کے لیے نافذ العمل ہوگا۔
نیپرا کے مطابق اس فیصلے سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) اور کے الیکٹرک کے صارفین کو مجموعی طور پر 55 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا تاہم یہ رعایت لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر لاگو نہیں ہوگی۔
نیپرا نے یہ فیصلہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت نرخوں میں کمی کی درخواست پر کیا جس کی سماعت 4 اگست 2025 کو ہوئی تھی۔ اس حوالے سے حتمی منظوری کے لیے فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام صارفین کے لیے مالی بوجھ کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مہنگائی کے اس دور میں بجلی کے بلوں میں واضح کمی کا باعث بنے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








