بھارتی فلم سیارہ نے جہاں ریلیز کے بعد سے باکس آفس پر شاندار کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے وہیں فلم میں آہان پانڈے کے والد کا کردار نبھانے والے سینئر اداکار ورون بڈولا نے پروموشن ٹیم پر طنزیہ وار کر دیا ہے۔
18جولائی 2025 کو ریلیز ہونے والی فلم سیارہ اب تک نہ صرف بھارت میں 300 کروڑ بلکہ دنیا بھر سے 500 کروڑ روپے کا بزنس کر چکی ہے اور سال کی دوسری سب سے بڑی ہٹ فلم بن گئی ہے۔ کہانی، اداکاری اور جذباتی مناظر نے نوجوان ناظرین کو خاصا متاثر کیا مگر جس چیز نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی وہ تھیں وہ وائرل ویڈیوز جن میں لوگ فلم دیکھ کر بے ہوش ہو رہے تھے چیخ رہے تھے اور یہاں تک کہ ایک شخص ڈرِپ لگا کر فلم دیکھنے آپہنچا۔
یہ ویڈیوز دیکھ کر سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی لیکن جب کئی صارفین نے ان کو مصنوعی پی آر اسٹنٹ قرار دیا تو فلم کے پروڈیوسر اکشے ودھانی اور ہدایتکار موہت سوری نے وضاحت دی کہ یہ ردعمل قدرتی تھے بنائے نہیں گئے۔ تاہم ورون بڈولا ان دعوؤں سے مطمئن نظر نہیں آئے۔
سینئر اداکار ورون بڈولا نے ایک انٹرویو میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ پروموشن ٹیم کچھ زیادہ ہی جذباتی ہو گئی تھی۔ ڈرپ لگوانا تو چلیں برداشت کر لیا شکر ہے لوگوں کی ٹانگیں نہیں ٹوٹیں ورنہ وہ رینگتے ہوئے فلم دیکھنے آ جاتے۔
ورون کا مزید کہنا تھا کہ جب فلم بنا رہے تھے تب کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنی بڑی ہٹ بن جائے گی۔ خود انہوں نے ابھی تک فلم مکمل طور پر دیکھی بھی نہیں لیکن انسٹاگرام پر لوگوں کی چیخ و پکار اور ڈرامائی ردعمل دیکھ کر وہ بھی حیران رہ گئے۔
فلم کی بے پناہ کامیابی جہاں ٹیم کے لیے باعثِ فخر ہے وہیں پروموشن میں حد سے تجاوز نے ناظرین کو سوچنے پر ضرور مجبور کیا ہے کیا یہ سب واقعی قدرتی تھا، یا پھر مارکیٹنگ کا کمال؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








