کراچی: سندھ کابینہ نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی اس تجویز کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت گاڑیوں کی رجسٹریشن اور پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کا نظام قومی شناختی کارڈ (شناختی کارڈ نمبر) سے منسلک کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس کا مقصد صوبے کے رجسٹریشن سسٹم کو بین الاقوامی معیار اور وفاقی دارالحکومت میں حالیہ اصلاحات کے مطابق لانا ہے۔
نئے نظام کے تحت نمبر پلیٹ گاڑی کے چیسس نمبر کے بجائے مالک کے شناختی کارڈ سے جڑی ہوگی۔
اس ماڈل میں گاڑی کے فروخت ہونے کے بعد بھی مالک اپنی پرسنلائزڈ نمبر پلیٹ اپنے پاس رکھ سکے گا، دوبارہ استعمال کرسکے گا یا اسے رضاکارانہ طور پر واپس کرکے نیلامی کے لیے دے سکے گا۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق، گاڑی کی مستقل شناخت اس کے چیسز پر مبنی وہیکل آئیڈینٹیفکیشن نمبر ہوگی جبکہ نمبر پلیٹ مالک سے منسلک رہے گی۔
اس نظام کو نادرا کے قومی ڈیٹا بیس سے جوڑا جائے گا جس سے گاڑیوں کا فوری سراغ لگانے، مؤثر قانون نافذ کرنے اور ٹیکس کے مقاصد کے لیے اثاثوں کی نگرانی میں سہولت ملے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گاڑی فروخت کرنے کی صورت میں نمبر پلیٹ گاڑی سے الگ کردی جائے گی اور اصل مالک اسے اپنے لیے محفوظ رکھ سکے گا یا محکمہ ایکسائز کو واپس دے سکے گا۔
کابینہ نے اس ماڈل اور اس کے لیے ضروری قانونی ترامیم کی اصولی منظوری دے دی تاہم وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ نظام فوری طور پر نافذ نہیں کیا جائے گا بلکہ پہلے اس کا ڈیزائن اور آزمائشی مرحلہ مکمل کیا جائے گا جس کے بعد حتمی مسودہ قانون منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ماہرین اس اقدام کو سندھ میں گاڑیوں کی ملکیت کے عمل کو ڈیجیٹل اور آسان بنانے، اور گاڑیوں سے متعلق جعل سازی کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








