ٹرینیڈاڈ: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز آج ٹرینیڈاڈ میں ہو رہا ہے جہاں دونوں ٹیمیں 50 اوورز کے فارمیٹ میں اپنی خراب کارکردگی سے نکلنے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ سیریز فلوریڈا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد کھیلی جا رہی ہے۔ ویسٹ انڈیزجو اس وقت ون ڈے رینکنگ میں دسویں نمبر پر ہے، پچھلے دو آئی سی سی ون ڈے ٹورنامنٹس میں شرکت سے محروم رہا۔
سال 2025 میں اب تک میزبان ٹیم نے صرف تین ون ڈے میچ کھیلے ہیں، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف جن میں صرف ایک کامیابی حاصل ہوئی۔
اس سیریز میں کامیابی ان کی 2027 ون ڈے ورلڈ کپ میں براہِ راست کوالیفکیشن کی امیدوں کو زندہ رکھ سکتی ہے کیونکہ میزبان جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے علاوہ صرف ٹاپ آٹھ ٹیمیں براہِ راست کوالیفائی کریں گی۔
چھٹے نمبر کی پاکستان ٹیم بھی اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ رواں سال قومی ٹیم نے آٹھ میں سے صرف ایک ون ڈے میچ جیتا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں بغیر کوئی میچ جیتے ابتدائی مرحلے میں ہی باہر ہو جانا شائقین اور ماہرین کی جانب سے سخت تنقید کا باعث بنا۔ اس پس منظر میں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کو کارکردگی بہتر بنانے کا اہم موقع سمجھا جا رہا ہے۔
سیریز کا پہلا ون ڈے آج ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائے گا اور شائقین دونوں ٹیموں سے بھرپور مقابلے کی توقع رکھتے ہیں۔میچ شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








