بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو صبح 5 بجے کے بعد گھروں سے باہر نکلنے سے سختی سے منع کر دیا گیا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر بنوں ضلع کے حویّد علاقے میں کرفیو نافذ کیا ہے۔
پولیس اور سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہونے پر کارروائی جاری ہے جس کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں اور تمام داخلی و خارجی راستے مکمل طور پر سیل کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مشکوک شخص کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔
شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی مشتبہ فرد کو اپنے قریب نہ آنے دیں اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
سیکورٹی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ شرپسند عناصر عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، اس لیے کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً دی جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی دہشت گرد کسی گھر یا مقام میں داخل ہو تو شہری فوراً محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔ دہشت گردوں کو پناہ یا مدد فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جن عمارتوں سے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی، انہیں مسمار کر دیا جائے گا اور اس میں ملوث افراد کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں گی۔
یہ مشترکہ کارروائی پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکورٹی فورسز کے تعاون سے جاری ہے جس کا مقصد علاقے سے دہشت گرد عناصر کا خاتمہ اور امن قائم کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








