بالی ووڈ کی مقبول جوڑی وکی کوشل اور کترینہ کیف ایک بار پھر میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے جہاں ان کی پہلی اولاد کے ممکنہ آنے کی افواہیں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی جس میں ایک بچے کے ننھے قدموں کے نشانات بڑے قدموں کے ساتھ دکھائے گئے اور پیغام میں لکھا گیا تھا کہ 2025 میں ہم تین افراد کا خاندان بن جائیں گے۔ اس پوسٹ نے مداحوں اور میڈیا میں چہ مگوئیوں کو مزید ہوا دے دی ہے۔
یہ قیاس آرائیاں اُس وقت مزید زور پکڑ گئیں جب ایک ریڈٹ تھریڈ میں دعویٰ کیا گیا کہ کترینہ کیف اکتوبر یا نومبر 2025 میں ماں بننے والی ہیں۔
کچھ صارفین نے اس خبر کو محض افواہ قرار دیا جبکہ کچھ نے فوراً یقین کر لیا تاہم اس بارے میں نہ تو وکی کوشل اور نہ ہی کترینہ کیف نے کوئی تصدیق کی ہے۔
ماضی میں بھی گزشتہ چار سالوں کے دوران اس طرح کی خبریں وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہی ہیں مگر ہر بار جوڑی نے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ کترینہ کیف کے حالیہ ڈھیلے ڈھالے ملبوسات اور کم عوامی تقریبات میں شرکت نے ان افواہوں کو مزید تقویت دی ہے۔
تقریباً ایک سال پہلے بھی کترینہ نے وکی کوشل کی سالگرہ پر تین دل والے ایموجیز شیئر کیے تھے، جسے کچھ لوگوں نے حمل کی جانب اشارہ سمجھا۔
اس وقت بھی میڈیا نے سوال اٹھائے مگر وکی کوشل نے نہایت مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایسی کوئی خوشخبری ہوئی تو سب سے پہلے وہی اسے سب کے ساتھ شیئر کریں گے۔
وکی کوشل نے ایک ریڈیو انٹرویو میں واضح کیا تھا کہ ان پر یا کترینہ پر فی الحال خاندان بڑھانے کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ دونوں اپنی ذاتی زندگی کو حد درجہ نجی رکھنے کے لیے مشہور ہیں اور شادی کے بعد بھی انہوں نے شاذ و نادر ہی اس حوالے سے میڈیا سے بات کی ہے۔
اگرچہ موجودہ وائرل پوسٹ نے ایک بار پھر شائقین کو پرجوش کر دیا ہے لیکن باضابطہ طور پر اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ مداح اب بھی جوڑی کی جانب سے کسی حتمی بیان یا باضابطہ خوشخبری کے منتظر ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








