کراچی کے راشد منہاس روڈ پر اتوار کی صبح ایک دلخراش ٹریفک حادثے نے دو بہن بھائیوں کی جان لے لی جس کے بعد مشتعل ہجوم نے سات ڈمپر ٹرکوں کو آگ لگا دی۔ یہ افسوسناک واقعہ فیڈرل بی ایریا میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر ٹرک نے موٹرسائیکل کو کچل دیا۔
ایس پی گلبرگ اقبال شیخ کے مطابق موٹرسائیکل پر ایک باپ اپنے بیٹے اور بیٹی کے ساتھ سفر کر رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں تینوں افراد زخمی ہوئے لیکن بدقسمتی سے 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ احمد رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
زخمی شخص کے بھائی ذاکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بھائی شاکر کو سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمی باپ کو ابھی تک اپنے بیٹے اور بیٹی کی موت کی خبر نہیں دی گئی۔
ذاکر نے بتایا کہ متاثرہ خاندان ملیر سے گھر واپس لوٹ رہا تھا جب یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ 22 سالہ ماہ نور کی اگلے ماہ شادی ہونی تھی۔ انہوں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حادثات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
حادثے کے بعد علاقے کے مکینوں کا غم و غصہ بھڑک اٹھا اور انہوں نے متعدد ڈمپر ٹرکوں کو نذر آتش کر دیا۔ پولیس افسر کے مطابق ڈمپر ٹرک کا ڈرائیور مشتعل ہجوم کے ہاتھوں زخمی ہوا جسے بعد میں حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے بعد شہریوں نے سات ڈمپر ٹرکوں کو آگ لگائی گئی جبکہ ڈمپر ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام نے 10شہریوں کو بھی حراست میں لیا ہے،ترجمان نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
آل پاکستان ڈمپر ایسوسی ایشن نے سات ٹرکوں کو نذر آتش کرنے کے خلاف احتجاجاً سپر ہائی وے پر دھرنا دیا جس سے دونوں ٹریکس پر ٹریفک مکمل طور پر بند ہو گئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق، ٹریفک کو پنجاب اڈہ سے سہراب گوٹھ پولیس اسٹیشن اور عادل شاہ بس اسٹاپ سے گلشن اقبال کی طرف موڑ دیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود نے کہا کہ جب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوتے وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین نے ان کے نو ٹرکوں کو نقصان پہنچایا۔
سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے دو افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمی باپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ گورنر ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق، انہوں نے شہریوں سے قانون ہاتھ میں نہ لینے کی اپیل کی۔
گورنر ٹیسوری نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ ذمہ دار ڈرائیور کو سخت سزا دی جائے اور ڈمپر مافیا کو لگام ڈالی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو ان ڈمپرز کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے جو لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








