وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے 6 اگست کو جاری ہونے والے ایک نوٹیفکیشن میں رحمت اللعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی کے ممبران کی تقرری کی گئی جس میں ایک خاتون رکن ڈاکٹر فرخندہ ضیاء کا نام بھی شامل تھا جو ڈیڑھ ماہ قبل انتقال کر چکی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس اور وزارت تعلیم کو ڈاکٹر فرخندہ ضیاءکے انتقال کی خبر نہ تھی۔ وزارت تعلیم نے وزیراعظم کی منظوری سے چھ ممبران کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں ڈاکٹر فرخندہ ضیاء کا نام بھی شامل تھا حالانکہ وہ 22 جون 2025 کو وفات پا چکی تھیں۔
وزارت تعلیم کے حکام کے مطابق تقرری کے لیے سمری اس وقت وزیراعظم آفس کو بھیجی گئی تھی جب ڈاکٹر فرخندہ ضیاء حیات تھیں لیکن رحمت اللعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی کے چیئرمین نے ان کے انتقال کی اطلاع وزارت کو نہیں دی۔

وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ اگر انہیں بروقت اطلاع دی جاتی تو سمری میں ترمیم کی جا سکتی تھی۔ اب ڈاکٹر فرخندہ ضیاء کی جگہ نئے رکن کے لیے ایک نیا پینل وزیراعظم آفس کو بھیجا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








