حیدر علی نے ریپ کیا یا نہیں، الزام لگانے والی لڑکی کون ہے، اہم معلومات سامنے آگئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ون کرکٹ

پاکستانی کرکٹر حیدر علی پر خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام کے حوالے سے نئے حقائق سامنے آگئے۔

زیادتی کا الزام لگانے والی برٹش پاکستانی خاتون 2 ہفتوں سے حیدر علی کے ساتھ رابطے میں تھی۔ مانچسٹر کے ہوٹل میں 23 جولائی کی میٹنگ کے بعد خاتون نے حیدر علی کے ساتھ لنچ بھی کیا تھا۔

نجی چینل جیو کے مطابق 20 برس سے زائد عمر کی خاتون 23  جولائی کو پہلی بار حیدر علی سے مانچسٹر کے ہوٹل میں ملی تھی۔ خاتون نے تقریباً دو ہفتوں کے بعد 4 اگست کو حیدر علی پر زیادتی کا الزام لگایا۔

پہلی ملاقات کے بعد خاتون نے یکم اگست کو کینٹ کے علاقے ایشفورڈ جاکر حیدر علی سے ملاقات کی اور لنچ کے بعد شہر میں چہل قدمی کی۔ حیدر علی اور خاتون کو ریسٹورنٹ میں دیکھنے  والے دو گواہوں کے مطابق دونوں معمول کے مطابق گپ شپ  کر رہے تھے اور ہنس رہے تھے۔

گواہوں کے مطابق انھوں نے حیدر علی اور خاتون کو اسی دوپہر کو  بغیر کسی تکرار کے خوشگوار موڈ میں اسٹیشن کی طرف جاتے بھی دیکھا۔ خاتون نے مانچسٹر سے ایشفورڈ تک کا سفر اکیلے کیا تھا جو یک طرفہ سفر تقریباً چار گھنٹےکا بنتا ہے۔ خاتون نے ایشفورڈ کا سفر اختیار کرنے کے تین دن اور مانچسٹر کے ہوٹل میں ملاقات کے تقریباً دو ہفتوں کے بعد حیدر علی پر ریپ کا الزام لگایا۔

 خاتون کی شناخت معلوم ہونے کے باوجود اس وقت ظاہر نہیں کی جاسکتی۔ ذرائع کے مطابق خاتون نے حیدر علی سے دو ہفتوں تک شناسائی کے دوران کسی بھی طرح کی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔

پولیس تحقیقات سے واقف ذرائع کے مطابق ضبط فون ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملاقاتوں کے بعد ایک دوسرے سے رابطہ معمول کے مطابق تھا۔

ذرائع کے مطابق خاتون حیدر علی کی مداح تھی اور 2023 میں وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کرکٹ اسٹار سے رابطے میں آئی تھی۔ 48 گھنٹے تک پولیس حراست میں رہنے والے حیدر علی نے اپنے بیان میں ریپ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے خود کو بے گناہ ظاہر کیا ہے۔

پولیس نے حیدر علی کو 7 اگست کو ضمانت پر رہا کرتے ہوئے انھیں ان کا فون بھی واپس کردیا تھا۔ پولیس عموماً ایسے کیسز میں صرف  ایسے ملزمان کو ضمانت پر رہا کرتی ہے جن کے خلاف الزام عائد کرنے کے لیے مناسب ثبوت نہ ہوں۔

گریٹر مانچسٹر  پولیس نے 8 اگست کو بتایا تھا کہ حیدر علی کے خلاف 4 اگست کو  ریپ کی شکایت  ملنے  پر اگلے دن انھیں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مبینہ واقعہ 23 جولائی کو مانچسٹر میں پیش آیا، متعلقہ شخص ضمانت پر رہا کردیا ہے، افسران متاثرہ خاتون کی مدد کررہے ہیں۔

Related Posts