حکومت کی جانب سے جاری کی گئی نئی زراعت شماری رپورٹ میں ملک بھر میں گدھوں کی تعداد کا مکمل حساب کتاب سامنے آ گیا ہے جس کے مطابق پنجاب نے گدھوں کی تعداد میں بھی سب صوبوں کو پیچھے چھوڑ گیا ہے۔
زراعت شماری رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس وقت گدھوں کی مجموعی تعداد 49 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ وہ خاموش مزدور ہیں جو آج بھی دیہی علاقوں کی معیشت کا پہیہ گھمانے میں پیش پیش ہیں اور اب اعداد و شمار بھی ان کی محنت کی گواہی دے رہے ہیں۔
شماری رپورٹ 2024 کے مطابق ملک بھر میں گدھوں کی مجموعی تعداد 49 لاکھ تک جا پہنچی ہے جو کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں واضح اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ گدھے پنجاب میں پائے گئے جہاں ان کی تعداد 24 لاکھ 3 ہزار ریکارڈ کی گئی۔
سندھ کا 10 لاکھ 81 ہزار گدھوں کے ساتھ دوسرا نمبر رہا جبکہ خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 7 لاکھ 82 ہزار رہی۔ بلوچستان میں سب سے کم گدھے پائے گئے جن کی تعداد 6 لاکھ 30 ہزار بتائی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صرف 4 ہزار گدھوں کا اندراج ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں بلوچستان کے مقابلے 17 لاکھ 73 ہزار، خیبرپختونخوا کے مقابلے 16 لاکھ 21 ہزار اور سندھ سے 13 لاکھ 22 ہزار زیادہ گدھے موجود ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








