وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کے باصلاحیت طلبہ کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مزید ہزاروں طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اعلان انہوں نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کیا، جہاں انہوں نے نوجوانوں کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے ان کے خوابوں کو پنجاب کے مستقبل کی دھڑکن قرار دیا۔
مریم نواز کے مطابق اس پروگرام کے تحت گزشتہ سال سے اب تک 80 ہزار طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کی جا چکی ہے۔ اس وقت 50 ہزار طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 30 ہزار طلبہ کو شامل کیا جائے گا۔
My dear students of Punjab!
Your dreams are the heartbeat of Punjab’s future.
Through the HONAHAR Scholarship Program, Alhamdolillah, 80,000 young minds have been given the wings to thrive, 50,000 already receiving their scholarships, 30,000 more on the way, and many more to…— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) August 10, 2025
ہونہار اسکالرشپ پروگرام 67 مختلف تعلیمی اور فنی شعبوں میں مواقع فراہم کر رہا ہے جن کا مقصد نوجوانوں کو عملی زندگی میں کامیابی کے لیے ضروری مہارت اور علم سے آراستہ کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دوسرے مرحلے کے لیے آن لائن پورٹل کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پُراعتماد ہو کر درخواست دیں، محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں۔
ہونہار اسکالرشپ پروگرام کا بنیادی مقصد مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو وہ وسائل فراہم کرنا ہے جن کی بدولت وہ بہتر تعلیم اور تربیت حاصل کر سکیں اور صوبے کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
دوسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ یہ منصوبہ مزید وسعت اختیار کرے گا اور پنجاب کے نوجوانوں کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








