فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نظام میں شفافیت اور بہتری کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک کے 42 بڑے صنعتی شعبوں میں فیلڈ آڈٹ کے لیے 102 ماہرین کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا مقصدان شعبوں کے مالی معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لینا اور ٹیکس امور میں ممکنہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جن شعبوں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں آٹو موبائل، ایوی ایشن، بینکنگ، سیمنٹ، مشروبات، کیمیکل، ایڈبل آئل، ریئل اسٹیٹ، ٹیکسٹائل، ٹیلی کام، شوگر، تمباکو، آئی ٹی، ریسٹورنٹس، پاور سیکٹر، فلور ملز، پولٹری، تعلیم، فارماسیوٹیکل، اور دیگر اہم صنعتیں شامل ہیں۔
آڈٹ کے پہلے مرحلے میں جن 14 ترجیحی شعبوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں آٹو موبائل، ٹیکسٹائل، آئرن و اسٹیل، آزاد پاور پروڈیوسرز (IPP’s) اور ڈسٹریبیوشن کمپنیز (DISCOs)، فارماسیوٹیکل، بینکنگ، فنانس و انشورنس، شوگر، کیمیکل و فرٹیلائزرز، ریئل اسٹیٹ، پیٹرولیم، سیمنٹ، ٹیلی کام اور تمباکو کے شعبے شامل ہیں۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ان آڈٹ ماہرین کی تقرری کی ذمہ داری متعلقہ ایچ آر فرمز پر ہوگی۔ ان فرمز کی جانب سے فراہم کردہ فہرست میں سے موزوں امیدواروں کا انتخاب ایک خصوصی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ یہ عمل روایتی طریقے یا آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے، جس کا انحصار حالات اور سہولت پر ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








