پاکستان بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ہر گلی، ہر بازار اور ہر گھر سبز ہلالی پرچم، رنگ برنگی جھنڈیوں اور جگمگاتی روشنیوں سے سجا ہوا ہے۔ شہریوں نے اپنی گاڑیوں، گھروں اور دفاتر کو قومی جذبے سے سجایا ہے جبکہ بازاروں میں قومی پرچم، بیجز اور سبز و سفید رنگ کی اشیاء فروخت کرنے والے اسٹالز پر خریداروں کا رش لگا ہوا ہے۔
رواں سال کی تقریبات معرکہ حق کے تھیم کے تحت منعقد کی جا رہی ہیں جو قوم کے اتحاد، عزم اور قربانی کی علامت ہے۔ اس تھیم کو مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ ہونے والی مختصر مگر شدت آمیز فوجی جھڑپ کے تناظر میں اپنایا گیا ہے جس میں پاکستان نے کامیاب دفاعی کارروائیوں کے ذریعے قومی خودمختاری کا بھرپور تحفظ کیا۔
ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری ادارے، تعلیمی ادارے اور ثقافتی تنظیمیں جشنِ آزادی کے سلسلے میں تقاریب، ریلیاں، ملی نغمے، اور تقاریر کا اہتمام کر رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے نیا ملی نغمہ دل سے پاکستان جاری کر دیا گیا ہے جسے سوشل میڈیا اور روایتی میڈیا پر خوب پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
ریڈیو اور ٹی وی چینلز بھی خصوصی پروگرامز ڈاکیومنٹریز اور محبّ وطن مواد نشر کر رہے ہیں تاکہ نئی نسل کو ملک کی قربانیوں اور جدوجہد آزادی کی اہمیت سے روشناس کرایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








