بھارتی سینماؤں پر اپنی باوقار موجودگی سے ناظرین کا دل جیتنے والی معروف بھارتی اداکارہ گوتمی کپور نے حالیہ انٹرویو میں اپنے بچپن کا ایک ایسا دردناک اور ہولناک واقعہ بیان کیا ہے جس نے نہ صرف ان کے مداحوں کو افسردہ کر دیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی ہے۔
گوتمی کپور جو حالیہ دنوں میں کامیاب ویب سیریز ‘Special Ops’ کے تیسرے سیزن میں جلوہ گر ہیں ان دنوں کیریئر کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں تاہم ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنے بچپن کی وہ بھیانک یاد تازہ کی جو ان کے لیے آج تک ایک نقش زدہ زخم کی مانند ہے۔
گوتمی نے انکشاف کیا کہ جب وہ چھٹی جماعت میں تھیں اور اسکول سے روزانہ کی طرح بس کے ذریعے واپس آ رہی تھیں تب ایک اجنبی شخص ان کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا اور بے حیائی کی انتہا کرتے ہوئے ان کی پینٹ میں ہاتھ ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اتنی چھوٹی تھی کہ مجھے چند لمحے تو یہ سمجھنے میں لگے کہ آخر ہو کیا رہا ہے۔ پھر جیسے ہی حقیقت کا ادراک ہوا میں گھبرا کر فوراً بس سے نیچے اتر گئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ تقریباً 15 سے 20 منٹ تک خوف کے عالم میں سڑک پر چلتی رہیں یہ سوچ کر کہ شاید وہ درندہ ان کا پیچھا کر رہا ہو اور پھر گھر پہنچ کر وہ اس واقعے کو بیان کرنے سے ہچکچا رہی تھیں مگر پھر ہمت کرکے اپنی ماں کو سب کچھ بتایا۔
گوتمہ نے کہا کہ ان کی ماں کا جواب آج بھی ان کے دل میں نقش ہے، انہوں نے کہا کہ ڈرنے کی بجائے تمہیں اسے تھپڑ مارنا چاہئے تھا اس کا گریبان پکڑنا چاہئے تھا۔
گوتمی نے کہا کہ ان کی ماں نے انہیں یہ سکھایا کہ ایسے لمحوں میں لڑکی کو خاموش نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ڈٹ کر جواب دینا چاہیے۔ماں نے کہا کہ اس کا ہاتھ پکڑو زور سے چیخو اگر کچھ نہ ہو تو کالی مرچ کا اسپرے کرو یا جوتا اُتار کر دے مارو۔
گوتمی کپور جو اداکار رام کپور کی شریکِ حیات ہیں نہ صرف ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں بلکہ بہادری اور خود اعتمادی کی علامت بھی بن کر ابھری ہیں۔ انہوں نے بچپن کی ایک تکلیف دہ یاد کو دوسروں کے لیے سبق بنا دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








