بالی وڈ اسٹار جیکولین فرنانڈس بری طرح پھنس گئیں؟ 200 کروڑ کی کرپشن کا پردہ فاش

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

خوبصورتی، شہرت اور کامیابی کی چمک دمک کے پیچھے چھپے کچھ سائے کبھی کبھار اسکرین کی چمک کو ماند کر دیتے ہیں۔ ایسی ہی ایک مثال ہیں جیکولین فرنانڈس جنہوں نے بطور ٹی وی رپورٹر کیریئر کا آغاز کیا اور بالی ووڈ میں بڑے ستاروں کے ساتھ کام کیا لیکن اب ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل کی لپیٹ میں آ چکی ہیں۔

بحرین میں پیدا ہونے والی جیکولین کے والد کا تعلق سری لنکا اور والدہ کا تعلق ملیشیا سے ہے جس کی وجہ سے ان کی پرورش مختلف ثقافتوں اور روایات کے حسین امتزاج میں ہوئی۔

یونیورسٹی آف سڈنی سے ماس کمیونیکیشن میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد وہ سری لنکا واپس لوٹیں اور وہاں بطور ٹی وی رپورٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا جہاں انہوں نے لنکا بزنس رپورٹ پروگرام کی میزبانی کی۔

2006 میں انہیں مس یونیورس سری لنکا کا تاج پہنایا گیا اور وہ لاس اینجلس میں ہونے والے عالمی مقابلے میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پہنچیں جہاں ان کی پرکشش شخصیت نے سب کی توجہ حاصل کی۔

2009 میں انہوں نے فلم علاءالدین سے بالی ووڈ میں قدم رکھا جہاں وہ ایک ہی فلم میں امیتابھ بچن اور رتیش دیشمکھ کے ساتھ نظر آئیں۔ اگرچہ فلم کمرشل طور پر ناکام رہی مگر ان کی اداکاری کو پسند کیا گیا اور وہ اسٹار ڈیبیو آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت گئیں۔

جیکولین کو فلم مرڈر 2 نے بالی ووڈ میں بڑی کامیابی دلوائی جس کے بعد وہ ریس 2، کِک اور ہاؤس فل جیسی سپر ہٹ فلموں کا چہرہ بن گئیں۔ ان کی اسکرین پر موجودگی ہمیشہ دلکش اور یادگار رہی۔

تاہم حالیہ دنوں میں جیکولین کا نام 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں سامنے آیا ہے جس کا مرکزی کردار سُکیش چندرشیکھر ہے ایک ایسا شخص جو جیکولین کو مبینہ طور پر 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے تحفے دے چکا ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) نے اداکارہ کو کئی بار طلب کر کے پوچھ گچھ کی ہے اور ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اگرچہ جیکولین نے اپنے دفاع میں مختلف بیانات دیئے ہیں لیکن قانونی گتھی ابھی سلجھی نہیں۔

جیکولین کو آخری بار ملٹی اسٹارر فلم ہاؤس فل 5 میں دیکھا گیا تھا۔ ان کے مداح پرامید ہیں کہ وہ جلد اس بحران سے باہر نکل کر پھر سے اسکرین پر اپنی چمک بحال کریں گی۔

Related Posts